محکمہ موسمیات کی 26 سے 29 اگست کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی – پاک لائیو ٹی وی


محکمہ موسمیات کی 26 سے 29 اگست کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے جنوبی علاقوں میں 26 سے 29 اگست کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بنگال سے ہواؤں کا سلسلہ پاکستان کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوگا، 25 سے 29 اگست کے دوران کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے جب کہ عمرکوٹ، مٹھی، میرپورخاص، سکھر اور سانگھڑ میں بھی موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان میں 26 سے 30 اگست کے دوران بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا، قلات، لسبیلہ، بارکھان، جعفرآباد، ژوب، کوئٹہ اور زیارت میں بارشوں کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں 25 سے 28 اگست کے دوران مری اور گلیات میں بارشوں کا امکان ہے۔ بالائی پنجاب، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب و دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے، 26 سے 28 اگست کے دوران بالائی کے پی میں بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن، مردان، پشاور، ہنگور و دیگرعلاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے جب کہ سندھ اور بلوچستان کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ موسلا دھار بارشوں سے بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، تیز بارشوں سے اسلام آباد، راولپنڈی اور وسطی پنجاب کے نشیبی علاقوں کو بھی خطرہ ہے جب کہ گلگت بلتستان، بالائی کے پی کے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

Exit mobile version