بلڈنگ میٹریل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے بلڈنگ میٹریل کی قیمتیں کنٹرول نہ ہونے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے سیمنٹ کی بوری 1700روپے، سریا 270 روپے فی کلو، اینٹ فی ہزار 17000 روپے، بجری 130 فی فٹ ریت کا ٹرالا 25 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔
میٹریل کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر لوگوں نے اپنے تعمیراتی کام رکوا دئیے ہیں جس سے مزدور طبقہ بے روزگار ہو گیا ہے۔
دوسری جانب مزدور وں نے اپنی دیہاڑی میں اضافہ کردیا ہے، اسی طرح راج بھی منہ مانگی اجرت طلب کررہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی بلڈنگ میٹریل ڈیلرز نے رواں ماہ سیمنٹ کی بلیک مارکیٹنگ میں لاکھوں روپے کمائے ہیں، پرانا اسٹاک رکھ کر منہ مانگے دام وصول کیے جارہے ہیں۔
اس کے علاوہ آل پاکستان سیمنٹ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیمنٹ مینو فیکچررز کے انکار کے بعد تاحال کام جاری رکھنا ممکن نہیں۔