بجلی کی قیمت سے متعلق وزیر توانائی اویس لغاری نے بڑا اعلان کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے ہم 5 سال کیلئے آئے ہیں اور کافی کچھ بہتر کریں گے۔ بجلی کی قیمت کم کرنے کیلئے بہت کام کر چکے ہیں، آج جو حکیم لقمان بن رہے ہیں انہوں نے اپنے دور میں کچھ کیوں نہیں کیا؟
انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں ان لوگوں کو آئی پی پیز کا بھی کچھ پتہ نہیں تھا، جب یہ لوگ وزیر تھے تو اس وقت زبان کچھ اور ہوتی تھی۔
اویس لغاری نے کہا کہ جنوری 2025 سے بجلی کی قیمت 4 سے 5 فیصد کم ہو جائے گی، کوئلے سے بجلی بنانے کیلئے چینی سرمایہ کاری لا رہے ہیں جس سے قیمت 2 روپے کم ہوگی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی کی قیمت کم کرنا ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج بھی ہے اور ترجیح بھی ہے، پچھلے سال کی ری بیسنگ کے باعث بجلی بلوں پر 6 ماہ تک دباؤ رہے گا۔ 200 یونٹ والے 2 کروڑ 80 لاکھ صارفین کی سہولت اور تحفظ یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کپیسٹی پیمنٹ تبدیل نہیں ہوگی، معاہدوں کی شرائط میں نرمی کیلئے کوشاں ہیں، سیاسی بیان بازی کرنا بہت آسان ہے، ہم مکمل ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ابھی تین چار ماہ ہی ہوئے ہیں، مسائل کا حل جلد نکال لیں گے۔