اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج کی مدت ختم ہوگئی ہے، جس کے بعد نئے پیکج کے اطلاق تک موجودہ وزیر اعظم پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں اعلان کردہ وزیر اعظم ریلیف پیکج کا اطلاق آج سے نہ ہوسکا، جب تک نئے پیکج کا اطلاق نہیں ہوتا، موجودہ وزیراعظم پیکج جاری رکھا جائے گا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر نئے پیکج کے لیے ای سی سی اور وفاقی کابینہ کو سمری بھیجی جائے گی۔
حکام نے بتایا کہ وزیراعظم پیکج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی دی جارہی ہے، چینی، گھی، آٹا، چاول،دالوں پر بی آئی ایس پی صارفین کو سبسڈی دی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیر اعظم اور رمضان پیکج کے لیے 65 ارب روپے مختص کیے گئے جبکہ وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج کے لیے 10 ارب روپے اور وزیرا عظم ریلیف پیکج کے لیے 55 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مالی سال 2023-24 کے لیے وزیر اعظم پیکج کے تحت 35 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔