اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کی وجہ سے مجھے کردار کشی کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسکالرشپس وصول کرنے والے طلبا اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبا کو اسکالرشپس دیتے ہوئے خوشی محسوس ہوئی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میرے ملک کامستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، 60 فیصد اسکالرشپ طالبات کو دیےگئے ہیں، تمام طلبا نے سخت محنت کر کے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آئندہ سال 50ہزار اسکالرشپ دینے کی منصوبہ بندی کررہی ہوں، پنجاب حکومت نجی یونیورسٹیوں کے طلبا کو بھی اسکالرشپ دے رہی ہے، یہ ہے وہ تبدیلی جو پاکستان کےدیکھ رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ اسکالرشپ طلبا کا حق ہے، میں نے اس فرض کو پورا کیا، اس سال30 ہزار اسکالرشپ دے رہے ہیں، اسکالرشپ کافیصلہ پچھلی حکومت نےکیوں نہیں کیا؟ چاہتی ہوں بچوں کو مفت ای موٹر سائیکل دیں، کوشش کی ہے پنجاب میں ہر جگہ 100فیصد میرٹ ہو
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کبھی کبھی ایم پی ایز ناراض ہوجاتے ہیں مگر میں سفارش نہیں سنتی، بلاامتیازعوامی خدمت کا سفر آگے بڑھارہے ہیں، تمام طلبا غور وفکرکریں وہ اس ملک کے لیے کیا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کا کام صرف تنقید اور پروپیگنڈا کرنا ہے، جلاؤ گھیراؤ اور توڑپھوڑ طلبا کو زیب نہیں دیتا، گالم گلوچ، بدتمیزی طلبا کا شیوہ نہیں ہونا چاہیے، غریبوں کے بچوں کو جلاؤ گھیراؤ میں جھونکنا کون سی سیاست ہے؟
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کی طرف سے طوفان بدتمیزی کو خاطر میں لائے بغیر آگے بڑھ رہے ہیں، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت کرنا ہمارا شیوہ ہے، کسی کو رسوا کرنا ہماری سیاست نہیں ہے، گالم گلوچ کی تربیت دینے والا آپ کاہمدرد نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفت کی بنیاد پر میری بھی کردار کشی کی گئی، مضبوط ہوچکی ہوں، کسی کی بدتمیزی کی پرواہ نہیں کرتی، عوام کی ترقی میری سوچ کا محورہے۔