خیبر میں شہید سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ، آرمی چیف کی بھی شرکت – پاک لائیو ٹی وی


خیبرمیں دہشتگردوں سے جھڑپ کے دوران شہید سیکیورٹی اہلکاروں کی نمازجنازہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ پشاور چھاؤنی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سول و عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں شہید ہونے والوں میں نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکارشامل ہیں جبکہ سپاہی تیمور ملک، سپاہی نادر اور سپاہی محمد یاسین بھی شہدا میں شامل ہیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد سی ایم ایچ پشاور پہنچے اور آپریشن کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے زخمیوں کے بلند حوصلے اور عزم کو سراہا، اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا، آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر نے استقبال کیا۔

Exit mobile version