پاکستان آج دبئی میں بھارت سے ٹکرائے گا – پاک لائیو ٹی وی


آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان آج دبئی میں بھارت سے ٹکرائے گا

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ آج دبئی میں انڈیا ویمن کے خلاف کھیلے گی۔

پاکستانی وقت کے مطابق میچ سہ پہر تین بجے شروع ہوگا، تاہم قومی ویمنز ٹیم نے بھارت کیخلاف میچ کیلئے دبئی کی سخت گرمی میں خوب پریکٹس کی ہے، تاہم ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے والی پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف فتح کیلئے پرعزم ہے۔

قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں اضافی دباؤ نہیں ہوگا، ہر کھلاڑی اپنے بیسٹ دینے کیلئے تیار ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء اس وقت ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں 169 پوائنٹس کے ساتھ 18 ویں جبکہ ون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں 127 پوائنٹس کے ساتھ 27 ویں نمبر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ قومی ویمنز ٹیم نے پہلے میچ میں ایشین چیمپئن سری لنکا کو 31 رنز سے ہرایا تھا جبکہ بھارتی ٹیم کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، پاکستان سے شکست کی صورت میں بھارتی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی انتہائی مشکل ہوجائے گی۔

 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹیمیں 7 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، پاکستان ٹیم صرف 2 میچزجیت سکی جبکہ 7 میچز بھارت کے نام رہے۔

Exit mobile version