کراچی شہر بھر میں پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے، ترجمان واٹر کارپوریشن – پاک لائیو ٹی وی


ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ کراچی شہر بھر میں پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق تمام ڈسٹریبیوشن پمپنگ اسٹیشنز بشمول کلفٹن، پی آئی بی، گلشن اقبال، سخی حسن، کیماڑی، اور لیاری سے پانی کی سپلائی معمول کے مطابق بحال ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کو یومیہ 1200 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے، تاہم موجودہ وقت میں واٹر کارپوریشن کے نظام میں صرف 650 ایم جی ڈی پانی دستیاب ہے۔ دھابیجی سے 550، گھارو سے 30، اور حب کینال سے 70 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جارہا ہے جس کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ لائنوں کا پانی واٹر ٹینکرز کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔ کل 650 ایم جی ڈی میں سے سرکاری ہائیڈرنٹس کے ذریعے یومیہ صرف 15 سے 18 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے، جو رعایتی نرخوں پر عوامی خدمت کے تحت دیا جاتا ہے۔

سرکاری ہائیڈرنٹس کے ذریعے مساجد، امام بارگاہوں، ہسپتالوں، اسکولوں، اور عوامی ٹینکوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے واٹر ٹینکرز کو روکنے کے عمل کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیا۔

ترجمان کے مطابق شہر میں غلط افواہیں پھیلا کر شہریوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ مظاہروں کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے مظاہرین کی فوٹیجز ریاستی اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں اور کسی کو بھی ریاستی اداروں کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں اور پانی کی دستیابی سے متعلق مسائل کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کریں۔

Exit mobile version