ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی ہڑتال سے متعلق پاکستان اسٹیٹ آئل(پی ایس او) کا موقف سامنے آگیا۔
پاکستان اسٹیٹ آئل(پی ایس او) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس پر فیول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
ترجمان پی ایس او کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں پی ایس او کی سپلائی چین بھرپور طور پر فعال ہے۔ بحیثیت قومی کمپنی پی ایس او ہر طرح کے حالات میں قوم کی خدمت کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے موجودہ بجٹ میں ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کرنے کے خلاف ہڑتال کی جارہی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں، چند ایک پیٹرول پمپس کھلے ہونے سے شہریوں کا رش ہے۔
صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ فی الحال ایک روزہ ہڑتال ہے اگر حکومت نے مطالبات نا مانے تو ہڑتال کا دائرہ کار وسیع کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم حکومت سے جائز مطالبات کررہے ہیں ۔