ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے اختتام کے ساتھ ہی سیمی فائنلسٹ ٹیمیں سامنے آگئیں۔
افغانستان نے بنگلادیش کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد جیت اپنے نام کرکے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
افغانستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم جنوبی افریقہ سے ہوگا جب کہ گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم بھارت سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ٹکرائے گی۔
افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا سیمی فائنل 26 جون بروز بدھ کو مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا دوسرا سیمی فائنل 27 جون بروز جمعرات مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے گویانا پروویڈینس اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
دونوں سیمی فائنل کی پلیئنگ کنڈیشن مختلف ہیں جب کہ دوسرے سیمی فائنل کے لیے ریزرو دن نہیں رکھا گیا ہے کیونکہ اگلے ہی دن فائنل شیڈول ہے۔
تاہم دونوں سیمی فائنلز کے لیے 250 منٹس کا اضافی وقت رکھا گیا ہے، پہلے سیمی فائنل کے لیے میچ والے دن اضافی 60 منٹ رکھے گئے ہیں جب کہ 190 منٹ ریزرو دن کے لیے ہوں گے۔