کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس؛ پیپلزپارٹی نے ن لیگ پر دو ٹوک مؤقف واضح کردیا – پاک لائیو ٹی وی



کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس؛ پیپلزپارٹی نے ن لیگ پر دو ٹوک مؤقف واضح کردیا

لاہور:پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی نے دو ٹوک مؤقف واضح کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے آغاز میں ہی پیپلزپارٹی نے ن لیگ پر دوٹوک مؤقف واضح کردیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس نے پیپلزپارٹی موقف اختیار کیا کہ ن لیگ اتحادی حکومت کے معاملات آگے نہیں بڑھانا چاہتی تو واضح کردے، ہم اپنا آئندہ کا لائحہ عمل خود طے کرلیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے تحفظات کو دور کرکے ہم معاملات کو آگے بڑھائیں گے جب کہ اجلاس میں مختلف امور پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ رحیم یارخان اور ملتان کی ضلعی ترقیاتی کمیٹیوں کی سربراہی پی پی کو دینے پر اتفاق کیا گیا ہے جب کہ جیتنے والے حلقوں میں مسلم لیگ ن اور پی پی کے منتخب ارکان اسمبلی کو مساوی فنڈز دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی سطح پرمختلف کمیٹیوں میں پی پی کو نمائندگی دی جائے گی، تقرر و تبادلوں میں بھی پیپلزپارٹی سے مشاورت ہوگی جب کہ گورنر اور وزیراعلیٰ کے درمیان کوئی اختلاف موجود نہیں۔

Exit mobile version