اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کیلیے کیو آر کوڈ ٹیکنالوجی کی سہولت متعارف – پاک لائیو ٹی وی


پاکستانی ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیو آر کوڈ ٹیکنالوجی کی سہولت متعارف کرادی ہے، جو مسافروں کی رہنمائی میں اہم مدد فراہم کرے گی۔

اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے مسافر اپنے اسمارٹ فونز کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرکے ایئرپورٹ کے مختلف علاقوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔

پی اے اے کے مطابق، کیو آر کوڈ کے ذریعے مسافر ڈومیسٹک ڈیپارچر ایریا کا انٹرایکٹو نقشہ دیکھ سکیں گے، جس سے انہیں ایئرپورٹ کے مختلف حصوں تک رسائی میں آسانی ہوگی۔

خصوصی افراد کے لیے یہ سہولت خاص طور پر معاون ثابت ہو گی، کیونکہ وہ اس کے ذریعے مخصوص راستوں اور سہولیات تک پہنچنے کے لیے رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔

کیو آر کوڈ ایپلی کیشن مسافروں کو ایئرپورٹ کی مختلف اہم سہولتوں تک بھی باآسانی پہنچنے میں مدد دے گی، جیسے جنرل اور سی آئی پی لاؤنجز، نماز کے کمرے، واش رومز، اور کھانے پینے کی جگہیں۔

اس سے قبل، اسلام آباد ایئرپورٹ نے مسافروں کی شکایات کے اندراج کے لیے بھی کیو آر کوڈ کی سہولت فراہم کی تھی، جس سے مسافروں کو اپنی شکایات فوری طور پر درج کرانے کا موقع ملتا ہے۔

 پی اے اے کی جانب سے یہ اقدام ایئرپورٹ پر مسافروں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے۔

Exit mobile version