ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ – پاک لائیو ٹی وی


شہدائے کربلا کا چہلم: ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

امام حسینؓ سمیت دیگر شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اس مناسبت سے ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے، مختلف شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، کراچی میں موبائل فون سروس معطل ہے۔

 ایم اے جناح روڈ ہر طرح کے ٹریفک کے لیے بند ہے، سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے اور جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی جبکہ پنجاب میں بھی ریڈ الرٹ ہے۔

چہلم کے موقع پر مختلف شہروں میں علم، ذوالجناح اور تعزیے بھی برآمد کیے جائیں گے، جلوسوں کے راستوں پر ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔

لاہور میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہوگا، کراچی میں چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس نشتر روڈ سے نکالا جائے گا اور امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارا در پر اختتام پذیر ہوگا، کوئٹہ میں چہلم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔

 جلوسوں کی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، مقررہ راستوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔

Exit mobile version