موسلادھار دھار بارشوں کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری – پاک لائیو ٹی وی


این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

کل  سے 29 اگست کے دوران پنجاب، خیبرپختونخواہ،گلگت اور کشمیر میں مون سون بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے۔

کل سے 29 اگست کے دوران سندھ میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور شہری علاقوں میں سیلاب متوقع ہے۔

حیدرآباد ڈویژن، کراچی ڈویژن، لاڑکانہ ڈویژن، میرپور خاص ڈویژن، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، گھوٹکی، سکھر اور خیرپور میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

موسلا دھار بارش سے کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ اور لاڑکانہ سمیت شہری مراکز میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے الرٹ میں کہا ہے کہ سیلاب اور تیز بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار  کی جائے۔

ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کرنے کے ساتھ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

 این ڈی ایم اے نے عوام سے التماس کی ہے کہ سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

 این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق اسلام آباد کے ساتھ پنجاب میں راولپنڈی گوجرانوالہ، لاہور اور ساہیوال ڈویژن میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اٹک، مری، گلیات، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ؛ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ملتان، خانیوال، لودھراں، خانپور، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر میں بھی بادل برسیں گے۔

خیبر پختونخواہ میں مالاکنڈ ، ہزارہ اور پشاور ڈویژن سمیت مردان، صوابی، ہنگو، کرک، کوہاٹ، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرم، وزیرستان کے علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارش پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سبب بن سکتی ہے۔

Exit mobile version