صدر مملکت اور وزیراعظم کا اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی پیغام – پاک لائیو ٹی وی


صدر مملکت اور وزیراعظم کا اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی پیغام

اسلام آباد: اقلیتوں کے قومی دن پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن ہم قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کو ملک کی اقلیتوں سے ان کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے وعدے پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں جن کی ضمانت آئین نے دی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کریں اور پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کے لیے کام کریں۔

آصف زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنے پیغام میں انہوں نے مختلف شعبوں میں ان کی خدمات کو سراہا۔

Exit mobile version