عمان کے فاسٹ بولر بلال خان نے شاہین شاہ آفریدی کا وہ ریکارڈ توڑ ڈالا جو انہوں نے آسٹریلیا کے مچل اسٹارک سے چھینا تھا۔
تفصیلات کے مطابق عمانی ٹیم کے 37 سالہ فاسٹ بولر بلال خان نے ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں تیز ترین سو وکٹیں حاصل کرنے کا شاہین شاہ آفریدی کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔
بلال خان نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو میں عمان اور نمبییا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بلال خان کا یہ 49 واں ایک روزہ میچ تھا ۔اس طرح وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر بن گئے۔
اس سے قبل 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کےد وران شاہین شاہ آفریدی نے بنگلادیش کے خلاف میچ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کا تیز ترین 100 وکٹیں لینے کا ورلڈ ریکارڈ توڑا تھا۔
شاہین شاہ آفریدی نے 51 ویں ون ڈے میچ میں 100ویں وکٹ حاصل کی تھی۔
ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے بولر ہونے کے ساتھ ساتھ بلال خان عمان کی جانب سے سو وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بھی بن گئے۔