بھارت کی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی کی خبروں پر کرکٹر محمد شامی کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
حال ہی میں بھارتی ویب سائٹ ’مصالحہ‘ ’ٹائمز ناؤ‘ اور ’زوم‘ میں بتایا گیا تھا کہ ثانیہ مرزا اور محمد شامی 20 اگست 2024 کو شادی کرنے والے ہیں۔
جس کے بعد بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ثانیہ کے والد عمران مرزا نے واضح کیا تھا کہ یہ سب بکواس ہے، ثانیہ کی تو کبھی محمد شامی سے ملاقات تک نہیں ہوئی۔
تاہم اب بھارتی یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جب کرکٹر شامی سے ان افواہوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی بے بنیاد خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ عجیب ہی ہے فون کھولو تو اپنی ہی تصویر دیکھتا ہوں، میں مانتا ہو میمز مذاق کے لیے ہوتی ہیں لیکن کسی کی زندگی سے متعلق ہو تو کسی کو بھی بڑی سوچ سمجھ کر میمز بنانی چاہیے۔
بھارتی کرکٹر نے کہا کہ میں ایک ہی چیزکہنا چاہوں گا اگر آپ میں دم ہے تو ویریفائیڈ پیجز سے بول کے دیکھو، پھر ہم بتاتے ہیں، کسی کی ٹانگ کھینچنا بہت آسان ہے، کامیابی حاصل کرو، اپنا لیول اوپر کرو، تب میں مانوں گا کہ آپ اچھے انسان ہیں۔