سرکاری اسکولوں کے بچوں کیلئے حکومت کا اہم اقدام – پاک لائیو ٹی وی


سرکاری اسکولوں کے بچوں کیلئے حکومت کا اہم اقدام

سرکاری اسکولوں کے بچوں کیلئے حکومت نے اہم اقدام اٹھا لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخوا کے سرکاری پرائمری اسکولز میں ’’اسکول کھانا پروگرام‘‘ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

پروگرام کے تحت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے پرائمری اسکولز میں مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر ایبٹ آباد، سوات میں بطور پائلٹ پراجیکٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا اور بعد میں پروگرام کو صوبے کے دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی شروع کیا جائے گا۔

پروگرام کے تحت کم و بیش 70 ہزار بچوں کو روزانہ معیاری کھانا فراہمی کی تجویز ہے۔ پروگرام پر سالانہ 50 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ پروگرام کیلئے محکمہ سماجی بہبود، نجی فلاحی تنظیم سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔

پروگرام پر پیشرفت کیلئے محکمہ تعلیم اور سماجی بہبود کے حکام پر مشتمل کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی اس سلسلے میں تمام جزئیات کو حتمی شکل دے کر منظوری کیلئے کابینہ کو پیش کرے گی۔

دوران اجلاس علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ پروگرام موجود صوبائی حکومت کا ایک اور اہم فلاحی اقدام ہے، پروگرام سے سرکاری اسکولز کے بچوں کو مفت، معیاری کھانا فراہم کیا جائے گا اس اقدام سے سرکاری اسکولوں میں انرولمنٹ کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

Exit mobile version