مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزائیں دی گئی ہیں اور اس معاملے میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سزائیں ملکی قوانین کے مطابق ہی سنائی جاتی ہیں اور پاکستان بھی ایک خودمختار ملک ہے جس کے قوانین کا احترام عالمی سطح پر کیا جاتا ہے۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ کسی کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد گناہ گار نہیں تھے۔
پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملکی مفاد کے خلاف سازشیں کیں اور پارٹی کی قیادت سیاسی مفاد کے لیے اپنے کارکنوں کو استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سزا و جزا کے نظام کے بغیر کوئی بھی ریاست نہیں چل سکتی اور 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ کو بھی سزائیں دی جانی چاہیے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اس وقت 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ آڈیالہ جیل میں قید ہیں، اور اس کے باوجود سزائیں دی جا رہی ہیں، یہ ظاہر کرتا ہے کہ کسی کو بھی این آر او نہیں دیا جائے گا۔
پاکستان کی خودمختاری پر بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے واضح کیا کہ ملک سے غداری اور بغاوت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔