راشد خان نے جنوبی افریقہ سے شکست کی وجہ بتادی – پاک لائیو ٹی وی


راشد خان نے جنوبی افریقہ سے شکست کی وجہ بتادی

افغان ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے شکست کی وجہ بتادی۔

افغانستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان آج علی الصبح ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل کھیلا گیا جس میں افغان ٹیم کو بری شرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور افریقی بولرز کے سامنے بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوورز میں صرف 56 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی جب کہ جنوبی افریقہ نے مقررہ ہدف باآسانی 1 وکٹ کے نقصان پر 8.5 اوورز میں حاصل کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے راشد خان نے کہا ’’بطور ٹیم یہ ہمارے لیے مشکل رہا جب کہ ہم اس سے بہتر کرسکتے تھے لیکن بدقسمتی سے حالات نے ہمارا ساتھ نہیں دیا‘‘۔

انہوں نے کہا ’’میرے خیال سے جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ہم نے اس ٹورنامنٹ میں اچھی کامیابیاں سمیٹیں ہیں جس سے ہمارا اعتماد بڑھا ہے‘‘۔

راشد خان کہتے ہیں ’’سیمرز نے اچھی بولنگ کی لیکن آپ کو ایک اچھی شروعات کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ ہم مجیب کی انجری کے سبب بدقسمت رہے تاہم نبی نے بھی نئی گیند سے اچھی بولنگ کی اور اسپنرز کے لیے کام کو آسان بنایا‘‘۔

افغان کپتان کا مزید کہنا تھا ’’ہم نے اس ایونٹ کو خوب انجوائے کیا ہے اور ہم جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیم سے شکست کو تسلیم کرتے ہیں لیکن یہ تو ابھی ہمارے لیے شروعات ہے اور اب ہم پر اعتماد ہیں کہ کسی بھی بڑی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں‘‘۔

Exit mobile version