پشاور: پیسکو نے عید کے روز لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان پیسکو کے مطابق عید کے روز تمام پیسکو ریجن میں کسی قسم کی کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ پیسکو چیف اختر حمید خان نے پیسکو عملے کو لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پیسکو ریجن کے تمام علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، پیسکو عملہ عید کے روز بھی ہائی الرٹ ہے، کوئی بھی تعطل آنے کی صورت میں بجلی فوراً بحال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
دن کے آغاز پر ملک تمام چھوٹے بڑے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں میں عید گاہوں، پارکس، کھلے مقامات اور مساجد میں عید الضحیٰ کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جس میں ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
لوگ نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
یہ عید حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں منائی جاتی ہے اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے لوگ نماز عید کے بعد جانوروں کی قربانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔