متعلقہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش سے شکست، سری لنکن ٹیم مشکلات میں پھنس گئی – پاک لائیو ٹی وی


ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش سے شکست، سری لنکن ٹیم مشکلات میں پھنس گئی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش سے شکست کے بعد سری لنکن ٹیم کے اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کا 15واں میچ سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان ڈیلاس میں کھیلا گیا جس میں سری لنکا کو 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگلادیش نے 19 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی جانب سے پاتھم نیسانکا 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ دھننجیا ڈی سلوا نے 21، چیرتھ اسالنکا 19 اور اینجیلو میتھیوز نے 16 رنز اسکور کیے۔

بنگلا دیش کی جانب سے رشاد حسین اور مستفیض الرحمن نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ تسکین احمد نے 2 اور تنظیم حسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی جانب سے توحید ہری دوئے نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے جب کہ لٹن داس 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور محمود اللہ 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے نوان تشارا نے چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ ونندو ہسارنگا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، متھیشا اور دھننجایا ڈی سلوا ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں مسلسل 2 شکستوں کے بعد سری لنکن ٹیم کو اپنے اگلے میچز میں کامیابی کے ساتھ دیگر ٹیموں کے ہار جیت پر بھی نظر رکھنا ہوگی جس کے ساتھ ہی ان کے اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات بھی معدوم پڑگئے ہیں۔