نئے مالی سال کے بجٹ میں نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا پلان – پاک لائیو ٹی وی


نئے مالی سال کے بجٹ میں نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا پلان

اسلام آباد: نئے مالی سال کے بجٹ میں نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا پلان بنایا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق شادی ہالز کا بل دو لاکھ روپے سے زائد ہونے پر 25 فیصد میرج ہالز ٹیکس لینے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ شہری علاقوں میں 450 گز سے زیادہ کی پراپرٹی فروخت کرنے پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں پراپرٹی کی فروخت پر نان فائلرز پر 10.5 فیصد ٹیکس عائد کرنے اور آٹو سیکٹر میں ایڈوانس ٹیکس کے نفاذ کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بجٹ میں ایڈوانس ٹیکس کے تحت گاڑی کی مالیت پر 10 فیصد نیا ٹیکس عائد کیے جانے کا امکان ہے جبکہ 2 ہزار سی سی سے اوپر گاڑیوں پر سالانہ ایڈوانس ٹیکس فائلرز کیلئے پانچ لاکھ روپے اور 2 ہزار سی سی سے اوپر گاڑیوں پر نان فائلرز کیلئے ٹیکس 24 فیصد مقرر کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کریڈٹ کارڈز پر بیرونی ادائیگیوں پر نان فائلرز کے لئے 20 فیصد ٹیکس، بیرون ملک بزنس کلاس میں سفر کرنے والوں پر فکس ٹیکس اور کم سے کم 75 ہزار اور زیادہ سے زیادہ اڑھائی لاکھ روپے فکس ٹیکس عائد کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بینکوں سے کیش نکالنے پر نان فائلرز کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافے پر بھی غور جاری ہے جبکہ نان فائلرز کیلئے ودہولڈنگ کی شرح0.6 سے بڑھا کر 0.9 فیصد کرنے اور زرعی آمدنی، نان کارپوریٹ کاروبار، سروس پروائڈرز پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بلڈرز، کنسٹرکشن فرمز، بجلی اور گیس کے نان فائلرز کمرشل صارفین پر بھی ٹیکس عائد کرنے، کمرشل اور انڈسٹریل کنکشنز رکھنے والے نان فائلرز پر بھی 30 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں چھٹے شیڈول کی ٹیکس رعایتیں ختم کرنے کی تجویز اور درآمدی پرتعیش اشیاء پر ٹیکسوں کی شرح میں اضافے کی تجویز بھی دی گئی ہے جبکہ غیر ضروری اور پرتعیش اشیاء پر ڈیوٹی میں بھی اضافے کی تجویز پر غور جاری ہے۔

Exit mobile version