اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدر آصف زرداری نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور دہشت گرد حملے میں 16 بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے دہشت گرد حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 16 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
آصف زرداری نے ملک سے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔