متعلقہ

کوریا اورپاکستان ماحولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، چوہدری شافع حسین – پاک لائیو ٹی وی


صوبائی وزیر صنعت و تجارت

کوریا اورپاکستان ماحولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، چوہدری شافع حسین

صوبائی وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ کوریا اورپاکستان ماحولیات کی بہتری میں اہم کردارادا کرسکتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین موجود تجارتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

لاہورمیں صوبائی وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین  نے پاکستان بزنس فورم 2024میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈیفنس میں منعقدہ بزنس فورم میں کوریا کے سفیر پارک کجن، پاکستان اور کوریا کی بزنس کمیونٹی بھی شریک تھی۔

بزنس فورم کا اہتمام پاکستان میں کوریا کے سفارت خانے نے کیاتھا جس میں صوبائی وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خطاب کیا۔

سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے کے لئے بھرپور کردارادا کیا۔  دو طرفہ تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے شاندار خدمات پرانہیں سفارتی ایوارڈ بھی ملا۔ وہ پاکستان میں جنوبی کوریا کے اعزازی قونصل جنرل بھی ہیں۔

خطاب میں چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے مابین موجود تجارتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔  موٹر وے کوریا کی حکومت کا پاکستان میں بڑا منصوبہ ہے۔ کوریا نے ڈائیو بس سروس اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آنے سے معشیت بہتر اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہے۔ پہلی دفعہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہا کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں 6 بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ 5 مزید فسیلیٹیشن سینٹرز بنانے کی پلاننگ کی گئی ہے۔ انڈسٹریل زونززکے حوالے سے نئی پالیسی لارہے ہیں۔ سولرپینلزکی پاکستان میں مینو فیکچرنگ کے حوالے سے چین، برطانیہ اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں سے سود مند بات چیت ہوئی ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ انڈسٹری کو سولرانرجی پر منتقل کرنے پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔ انڈسٹری کے سولرانرجی پر منتقلی سے صنعت کو سستی بجلی ملے گی۔ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار کی بہتری اور اداروں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالیں گے۔  عالمی مارکیٹ میں ہنر مند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے۔

انھوں نے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت کا عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر فوکس ہے۔  چیف منسٹر پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا جارہا ہے۔ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شارٹ کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ کورسز کے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔ پنجاب کے ٹیکنیکل کالجوں میں کورین لینگویج کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔ جاپان، عربی اور جرمن لینگویج کورسز بھی شروع کرائے جائیں گے۔

چوہدری شافع حسین نے مذید کہا کہ کوریا کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ کوریا اور پاکستان ماحولیات کی بہتری میں اہم کردارادا کر سکتے ہیں۔ کوریا پنجاب میں الیکٹرک وہیکل مینو فیکچرنگ پلانٹ لگانے کا جائزہ لے۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹرمیں بڑاپوٹینشل موجود ہے، دونوں ممالک اس سیکٹر میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔

کورین سفیر نے خطاب میں کہا کہ کوریا اورپاکستان میں معاشی تعاون موجود ہے تاہم دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

مقررین نے پاکستان اور کوریا کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے کے لئے سود مند تجاویز دیں۔