پاکستانی حجاج کے لیے حج ایپ متعارف کروا دی گئی جسے ہر حاجی کے لیے ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کا حاجیوں کے ساتھ مکمل رابطہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے متعارف کروائی گئی اس ایپ کے ذریعے ہی ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمان نے بتایا کہ سرکاری کوٹے کے تحت 69 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے جنہیں رہائش سمیت ہر طرح کی سہولیات دینے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے حج کی تیاریاں جاری ہیں۔ حاجیوں کو مناسب کرائے پر اچھی رہائش قریبی مقامات پر فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔
سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے مزید کہا کہ اس بار ایک لاکھ روپے کم لیے گئے ہیں، ہوائی جہاز کے پیسے بھی کم کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنا پر حجاج منیٰ میں جگہ لے سکیں گے۔ تمام سرکاری عازمین حج ٹرین کی سہولت لے سکیں گے۔
ڈاکٹر عطاء الرحمان نے بتایا کہ اس بار شارٹ حج متعارف کروایا ہے، 20 سے 25 دن کا حج کیا جاسکتا ہے۔55 سے 60 ہزار تک شارٹ حج کا کرایہ زیادہ لیا۔
سیکرٹری وزارت مذہبی امور کے مطابق حجاج کو پاکستان سے فری سم ملے گی جس سے واٹس ایپ کال بھی ہوسکے گی۔ایک ہی رنگ کے مفت بیگ حجاج کو ملیں گے۔ بیگ پر کیو آر کوڈ درج ہوگا جس سے پتہ چل جائے گاکہ حاجی کہاں سے آیا ہے، کہاں ٹھہرا ہے؟
سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے اگلے سال لاہور سے بھی روڈ ٹو مکہ سروس شروع کرنے کا اعلان کیا۔