لاڑکانہ: بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پرجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، میں سب کو دیکھ لوں گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی پرگڑھی خدا بخش میں جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے شریک چیئرمین اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید کبھی مرا نہیں کرتے۔
آصف زرداری کا عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج صدرمملکت ہوں تو آپ کی طاقت کی وجہ سے ہوں، ہم نے 43 سال بعد بھٹو شہید کا فیصلہ ریورس کرایا، اب شہید بھٹو کا فیصلہ عدالتی قتل رہے گا۔
صدر زرداری نے کہا کہ دوسری بار صدر ہوں تو پیپلزپارٹی کی طاقت ہے، جو کام کریں گے آپ کو جوابدہ ہوں۔ دھرتی اور فیڈریشن کے ساتھ وفا ہے، پاکستان کے ساتھ وفا ہے اور پاکستان کو بچاناہے۔
صدر مملکت کہتے ہیں کہ مشکل حالات سے پاکستان کو نکالیں گے، تکلیف اور مشکلات ہیں لیکن میرے لیے یہ نئی بات نہیں۔ یہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے اور میں سب کو دیکھ لوں گا۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ نہ پانی کہیں جاتا ہے اور نہ گیس کہیں جاتی ہے، تمام صوبوں کو ان کے حقوق ملیں گے۔ دنیا بدل رہی ہے اور ماڈرن چیزیں ہورہی ہیں۔