وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر کی ملاقات ہوئی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور آئی ایس ڈی بی کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، اسلامی ترقیاتی بینک اپنی گولڈن جوبلی منارہا ہے، ادارے کے طور پر آئی ایس ڈی بی کے قیام، مضبوطی میں پاکستان کے تعاون پر فخر ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اور اس حوالے سے ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم کیا جبکہ اس دوران پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک کے جاری مختلف منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری، تعمیرنو اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز مہیا کرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح سے فعال ہے۔