متعلقہ

دورہ سعودیہ کا دوسرا روز؛ وزیر اعظم آج ریاض میں مصروف دن گزاریں گے – پاک لائیو ٹی وی


دورہ سعودیہ کا دوسرا روز؛ وزیر اعظم آج ریاض میں مصروف دن گزاریں گے

وزیراعظم محمد شہباز شریف آج دورہ سعودی عرب کے دوسرے روز ریاض میں مصروف دن گزاریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے اور عالمی صحت کے ایجنڈے سے متعلق سیشن میں اظہار خیال کریں گے۔

اس دوران وزیراعظم امیر کویت مشعل الاحمدالجابرالصلاح سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم کی سعودی وزیر خزانہ، صنعت، سرمایہ کاری سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

اس کے علاوہ وزیراعظم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کوچیئرمین سے بھی ملاقات کریں گے اور اس موقع پر انکی عالمی مالیاتی فنڈ کی ایم ڈی، صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے بھی ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب عالمی اقتصادی فورم کے ایک خصوصی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں عالمی تعاون اور توانائی برائے ترقی پر توجہ دی جائے گی، یہ تقریب 28 تا 29 اپریل 2024 کومنعقد ہو گی۔

سعودی عرب میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا وفد وزیراعظم کی سربراہی میں شریک ہوگا۔

اس تقریب میں ایک ہزار سے زائد عالمی رہنماؤں کی میزبانی کا امکان ہے، جن میں سربراہان مملکت اور حکومت کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی شعبوں، بین الاقوامی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور این جی اوز کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

اس پلیٹ فارم کا مقصد بین الاقوامی چیلنجوں سے نمنٹے کیلئے عالمی تعاون کو فروغ دینا اور اقتصادی بحالی کیلئے پائیدار حل تجویز کرنا ہے۔

وزیراعظم پاکستان خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے عہدیداروں سمیت اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ تقریب میں شرکت کرینگے، وزیراعظم کی سربراہی میں پاکستانی وفد اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر اپنے اقتصادی اور ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے اس قیمتی موقع سے فائدہ اٹھائے گا۔

اس اجلاس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مملکت سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے، سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کا مقصد خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کیساتھ ملکر زراعت، توانائی، کان کنی، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔