متعلقہ

پاک ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری – پاک لائیو ٹی وی



پاک ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری

پاک ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان 17 جنوری سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہونے جارہا ہے، سیریز میں شامل دونوں میچز 29 جنوری تک ملتان میں ہی شیڈول ہیں۔ پہلا میچ 17 سے 21 جنوری جب کہ دوسرا میچ 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے جب کہ ٹکٹس جمعہ سے دستیاب ہوں گے۔ شائقین کرکٹ آن لائن ٹکٹس حاصل کرنے کے ساتھ ملتان کے منتخب ٹی سی ایس آؤٹ لیٹس سے بھی ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔

شائقین شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے پی سی بی نے دونوں میچوں کے لیے فرسٹ کلاس انکلوژرز (وسیم اکرم اور الٰہی برادرز) جب کہ جنرل انکلوژرز میں (حنیف محمد اور مشتاق احمد) کے ٹکٹ مفت کردیے ہیں۔

پریمیئر انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت 100 روپے ہے جب کہ فضل محمود اور عمران خان کے اسٹینڈز سمیت وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹس 150 روپے میں دستیاب ہیں۔

پی سی بی گیلری (انضمام الحق) سے میچز سے لطف اندوز ہونے کے خواہشمند شائقین 500 روپے میں ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں 54 ٹیسٹ میچز میں آمنے سامنے ہوچکی ہیں جن میں پاکستان 21 فتوحات کے ساتھ سرفہرست ہے۔

ویسٹ انڈیز نے 18 میچز جیتے ہیں جب کہ 15 میچز بے نتیجہ رہے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2021 میں کیریبین میں ہوئی تھی جو 1-1 سے برابر رہی تھی۔