آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کا سرغنہ 5 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی خارجی دہشتگردوں کے ٹھکانے کے خلاف موثر کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کا سرغنہ شفیع اللہ عرف شفیع 5 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔
ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، مارے جانے والے دہشتگرد علاقے میں نہ صرف سیکیورٹی فورسز پر حملوں بلکہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔