حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات بند کمروں میں نہیں ہوتے، شاہد خاقان عباسی – پاک لائیو ٹی وی


عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات بند کمروں میں نہیں ہوتے۔

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اضافی صوبوں کی ضرورت ہے، اضافی صوبوں پر اعتراض ہے تو انتظامی یونٹس کو چھوٹا کریں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے کام مقامی سطح پر ہونے چاہیے، الگ صوبوں کے قیام پر کبھی عملدرآمد نہیں ہوا، الگ سیکرٹریٹ اس مسئلے کا حل نہیں، جہاں بھی مطالبہ ہے وہاں اضافی صوبے بننے چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر نظام میں اصلاحات ضروری ہیں، حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات بند کمروں میں نہیں ہوتے، کیا مزاکرات ہونے جا رہے ہیں، کسی کو علم نہیں، نہ حکومت کی نیت ٹھیک ہے اور نہ ہی اپوزیشن کی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جیل جانا وزیر اعظم کے عہدے کا حصہ ہے، جیل میں اچھی تربیت ہوتی ہے، ہم نے بھی جیل میں کافی عرصہ گزارا ہے، سیاست میں راستہ افہام و تفہیم کے ذریعے ہی نکلتا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی کے خلاف جھوٹے کیسز نہیں بنائے جانے چاہیے، پی ٹی آئی اپنے بانی کی رہائی کی بات کر رہی ہے، میرے خلاف نیب میں 9 سالہ جھوٹا کیس چلتا رہا، یہاں سابق وزراء اعظم جھوٹے مقدمات سے محفوظ نہیں۔

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ملک مشکل میں ہے، مگر یہ لوگ بیٹھ کر ملک کی بات نہیں کرتے۔

Exit mobile version