متعلقہ

وزیراعلیٰ پنجاب نے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا افتتاح کردیا – پاک لائیو ٹی وی


وزیراعلیٰ پنجاب نے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا افتتاح کردیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن ’’میری آوازمریم نواز‘‘ کا افتتاح کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں 100 جدید ایمرجنسی پنک 15 بٹن کا بھی اجراء کردیا گیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ نے لاہور کے 50 مقامات پرفری وائی فائی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔

جنوبی ایشیاء میں پہلی بار لاہورمیں آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے 19 ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان بھی ہوئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کہتی ہیں کہ خواتین 15، ویمن سیفٹی ایپ لائیو چیٹ فیچرسے پولیس سے رابطہ کرسکتی ہیں، ویڈیوکال، پنجاب پولیس ایپ اور سیف سٹی پورٹل سے بھی رابطہ کرسکتی ہیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پرپنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم کردیا گیا ہے، ورچوئل پولیس اسٹیشن میں آئی ٹی گریجویٹ خاتون پولیس کمیونی کیشن افسران تعینات ہوں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں خواتین کےمسائل کوحل کیا جائے گا جب کہ خواتین نام اور پتہ ظاہر کیے بغیر رازداری اور اعتماد سے اپنا مسئلہ شیئرکرسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن کی بدولت خواتین کوغیر ضروری تھانے کے چکر نہیں لگانے ہوں گے، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں لائیو ویڈیو کال فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین ویڈیوکال فیچرسے بھی اپنی مشکلات کی نشاندہی کرسکتی ہیں، ورچوئل پولیس اسٹیشن ایف آئی آر اندراج سے تفتیش کے مراحل تک رہنمائی فراہم کرے گا۔

مریم نواز مزید کہتی ہیں کہ لاہورمیں 50 سے زائد مقامات پر’’سی ایم مریم نوازفری وائی فائی‘‘ سروس کا بھی آغاز کیا گیا ہے جب کہ یونیورسٹی، کالجز اور بازاروں میں نصب پنک 15 بٹن دبا کر سیف سٹی سے رابطہ ممکن ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا اور ویمن کمیونی کیشن آفیسرسے ملاقات بھی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین آفیسر کے لیے ہوسٹل اور ڈے کیئرسینٹر کی جلد تکمیل کی ہدایت کی جب کہ مریم نواز کو سیف سٹی پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔