متعلقہ

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کی وجہ بتادی – پاک لائیو ٹی وی


بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کی وجہ بتادی

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کی وجہ بتادی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کی وجہ بتادی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جارہی ہے جس کا تیسرا میچ کل راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 4 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز کا ہدف دیا تاہم قومی ٹیم رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی اور نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی۔

میچ کے بعد بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شکست کی وجہ 10 رنز کی کمی کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا ’’میرا نہیں خیال کہ درمیانے اوورز میں رن ریٹ کم رہنے کی وجہ سے میچ پر اس کا کوئی اثر ہوا کیونکہ بعد میں ہم نے کور کرلیا تھا تاہم ہمیں مزید 10 رنز بنانا چاہیے تھے‘‘۔

بابر اعظم نے محمد رضوان کی انجری پر بات کرتے ہوئے کہا ’’بدقسمتی سے ہمیں رضوان کی انجری سے بڑا دھچکا لگا کیونکہ پھر نئے آنے والے بلے باز کے لئے مشکلات بڑھ گئیں تاہم شاداب خان نے عرفان کے ساتھ مل کر اچھی شراکت قائم کی‘‘

ان کا مزید کہنا تھا ’’پنڈی اسٹیڈیم میں 180 یا 190 رنز کا ہدف بہت ہوتا ہے اور ہم نے بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘‘۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے مارک چیپ مین کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت دوسرے میچ میں فتح حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کرلی ہے تاہم اب بھی دو میچ ہونا باقی ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور پانچواں میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو کہ 25 اور 27 اپریل کو ہوگا۔