متعلقہ

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملاقات – پاک لائیو ٹی وی


ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملاقات

اسلام آباد: ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ملاقات اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں ہوئی۔

ایرانی صدر اور وزیر خارجہ نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اسحاق ڈار اور ایرانی صدر نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور ایران کی جانب سے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امن اور مثبت تعمیری بات چیت کا راستہ اپنائے رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر عزت مآب ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں، ایرانی صدر وفاقی کابینہ کے اراکین سے ملاقات کر رہے ہیں وہ آج وزیرِ اعظم ہاؤس میں ظہرانے میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق  پاک ایران قیادت کے وفود کی سطح پرمذاکرات ہوں گے، پاک ایران گیس پائپ، تجارت کے فروغ سمیت علاقائی وعالمی امور پرتبادلہ خیال کیا جائے گا، مسئلہ فلسطین وغزہ، مسئلہ کشمیر سے متعلق معاملات بھی زیربحث آئیں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ڈاکٹرابراہیم رئیسی اور صدر آصف زرداری کی ملاقات بھی ہوگی،  پاک ایران مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر بھی دستخط متوقع ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایرانی صدراوران کےوفد کا استقبال کریں گی، ایرانی صدر کےاعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیاجائےگا۔

ایرانی صدر مزاراقبال پر حاضری اوربادشاہی مسجد میں نماز ادا کریں گے اور قائداعظم کے مزار کراچی میں بھی حاضری دیں گے۔