متعلقہ

وفاقی کابینہ کی ایران کیساتھ مختلف ایم او یوز پر دستخط کی منظوری – پاک لائیو ٹی وی


وفاقی کابینہ کی ایران کیساتھ مختلف ایم او یوز پر دستخط کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ایران کے ساتھ 2 مختلف ایم او یوز پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایران نے ورک فورس اور فلم وسنیما میں تعاون کے لیے ایم او یوز کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے ایران کے ساتھ مزید 2 ایم او یوز کی منظوری دی گئی ہے، تاہم وفاقی کابینہ سے سرکولیشن پر الگ الگ سمریوں کی منظوری لے لی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مفاہمت کی یادداشتوں پردستخط ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں متوقع ہے، پاکستان اور ایران ورک فورس کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک میں ہنرمند افرادی قوت کے تبادلے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ایم اویو کے تحت ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے قیام کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایک دوسرے کے ممالک میں ماہر وفود کی سطح پر دورے کیے جائیں گے، دونوں ممالک میں فلم کے تبادلے اور سنیما کو آپریشن کا ایم اویو بھی ہوگا، ایم اویو کے تحت فلم کے لیے جوائنٹ پروڈکشن پراجیکٹس کیے جائیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایک دوسرے کی فلم انڈسٹری کو سمجھنے کے لیے وفود کا تبادلہ کیا جائےگا، ایم اویو کے تحت ایک دوسرے کے ممالک میں فلم ویکس اور دیگر ثقافتی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔