اسلام آباد: ضمنی انتخابات 2024 کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نےسیکیورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔
ضمنی انتخابات 2024 کے دوران سیکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گے، سیکیورٹی اہلکار الیکشن کمیشن حکام کی معاونت کریں گے۔
سیکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹیشن پر پُرامن ماحول کو یقینی بنائیں گے، سیکیورٹی اہلکار غیر جانبدار رہیں گے اور افسران مجسٹریٹ کےاختیارات استعمال کرسکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے افواج پاکستان اور سول فورسز کے لیے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے، افواج پاکستان اور سول آرمڈ فورسز کے لیے 19 نکات کا ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔
سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کے اہلکار الیکشن کمیشن حکام کی معاونت کریں گے جب کہ فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کے اہلکار تیسرے ٹیئرکے طور پر تعینات ہوں گے۔
ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کے اہلکار انتخابی مواد کو قبضے میں نہیں لیں گے اور انتخابی بے ضابطگی سے متعلق متعلقہ الیکشن کمیشن آفیسر کو آگاہ کریں گے۔