بالی ووڈ کی دو بلاک بسٹر فلموں ‘بجرنگی بھائی جان’ اور ‘راؤڈی راٹھور’ کے سیکوئل کی اسکرپٹ تیار کرلی گئی۔
حال ہی میں پروڈیوسر کے کے رادھاموہن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصنف وجیندر پرساد نے ‘راؤڈی راٹھور 2′ کی اسکرپٹ لکھ لی ہے، ہم اب فلم کے لیے اچھی کاسٹ کے تلاش میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘بجرنگی بھائی جان 2′ پر بھی کام جاری ہے، اس کا اسکرپٹ بھی تیار ہے، ہم نے سلمان خان کو اسکرپٹ دِکھانا ہے، اُس کے بعد دیکھیں گے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔
سال 2021 میں سلمان خان نے ایک ایونٹ کے دوران بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کی تصدیق کی تھی۔
خیال رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی پروڈکشن میں 45 کروڑ کے بجٹ سے 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’راؤڈی راٹھور‘ میں اکشے کمار کے مد مقابل سوناکشی سنہا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ فلم نے بھارت میں 133 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔
سال 2015 میں ریلیز ہونے والی سُپر ہٹ فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ کی کہانی ایک پاکستانی بچی پر مبنی تھی جو بھارت میں اپنی ماں سے بچھڑ گئی تھی اور بعد میں سلمان خان نے اسے اپنے وطن واپس پہنچایا تھا۔