متعلقہ

شرجیل میمن نے میرپورخاص میں پیپلز بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا – پاک لائیو ٹی وی


میرپورخاص پیپل بس سروس

شرجیل میمن نے میرپورخاص میں پیپلز بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا

سندھ کے سینئیرصوبائی وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے میرپورخاص میں پیپلز بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پرصوبائی وزیرسندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مہنگائی کے دورمیں عوام کو ریلیف دیا جا رہاہے، عوام سب سے زیادہ مہنگائی سےپریشان ہے۔ کم پیسوں میں عوام میرپورخاص میں بسوں میں سفرکریں گے، چند بے وقوفوں نے عوام کو غلط راہ پر ڈال دیا تھا، مخالفین کے گھروں اوران پر ذاتی حملے کیے گئے۔

سینئروزیرسندھ نے کہا کہ جنہوں نے جھوٹ کی سیاست کی آج جیل میں پڑے ہیں، سندھ کے ہر ضلع میں پیپلزبس سروس شروع کریں گے، حکومت میں دوبارہ آنے کے بعد مزید بسیں لانے کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں صرف انتشار پھیلایا ہے، پی ٹی آئی اپنے دور کا کوئی ایک پروجیکٹ بھی نہیں بتا سکتی، بی آر ٹی میں پی ٹی آئی نے بے پناہ کرپشن کی۔

انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں جھوٹ بولیں گے تو شاید کامیاب ہوں گے، منفی پروپگینڈاکرنے والوں کا مل کرسب کو مقابلہ کرناہوگا، 9مئی پاکستان کی تاریخ کا بد ترین دن تھا۔ 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی کے کہنے پرغنڈوں نے بسیں جلائیں، 9 مئی کو پی ٹی آئی غنڈوں نے فساد مچایا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے احکامات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے عوامی خدمت کے 10 نکاتی ایجنڈے کی شروعات کا آغاز کر دیا ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی امنگوں کے مطابق اپنے کام کی شروعات کی ہے آج میرپورخاص کی عوام کے ساتھ ساتھ سندھ صوبے کے لیے اہم دن ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کے دیرینہ مسائل کوحل کیا ہے۔

سینئرصوبائی وزیرنے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی کاوشوں سے کراچی، لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد اور اب میرپور خاص میں پیپلز بس سروس کا آغاز کردیا گیا ہے اور جلد سندھ کے ہر ضلع میں پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جائے گا اور کہا کہ کراچی میں سب سے پہلے خواتین کے لیے پنک بس سروس کا آغاز کیا گیا جو سہولت یورپ ، کئنیڈا اور دیگرترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں ہے اور مزید جلد سندھ بھر کے دو روٹ میں پنک بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ یہ اعزاز بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کو جاتا ہے کہ کراچی میں سب سے پہلے ای وی الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا گیا، مہنگائی ، پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پیپلز بس سروس کے حکومت سندھ کی جانب سے عوام کو سستے سفری فراہم کرنے کے لیے سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر اور سستی سفری سہولیات فراہم ہو سکیں۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی و دیرپا منصوبوں جس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا جو ناقابل تسخیر پروگرام بن چکا ہے، پی پی پی کی حکومت کی جانب سے سندھ بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھر تعمیر کروائے جا رہے ہیں جبکہ سیلاب متاثرین کو مفت پکا ہوا کھانا اورراشن بھی تقسیم کیا گیا۔

سینئرصوبائی وزیر نے خطاب میں کہا کہ وزیراعلی سندھ اور صوبائی حکومت کی ترجیحات میں ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی دلوائی جائے، اب آپ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بہتر سفری سہولت فراہم کرنے والی بسوں کی حفاظت کریں۔

اس موقع پر صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر میر طارق ٹالپر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے میرپورخاص کے شہریوں کے لیے پیپلز بس سروس کا آغاز کرکے شاندار تحفہ دیا ہے۔

اس موقع پر ايم پي ايز حاجی نور احمد بھرگڑی ، ہری رام کشوری لال، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، ایڈیشنل کمشنر ون ڈاکٹر علی نواز بھوت، میئر عبدالرؤف غوری، ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ ، سابقہ ایم پی اے نصرت سلطانہ خواجہ ، ڈی آئی جی میرپورخاص جاوید سونہارو جسکانی، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چودھری ، پی پی ضلعی جنرل سیکرٹری میر حسن دھونکائی، پی پی انفارمیشن سیکرٹری عبدالسلام میمن ، ٹاؤن چئیرمین سید خادم حسين شاہ سید شازل شاہ ، پی پی عہدیداروں ، متعلقہ محکموں کے افسران ،صحافیوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئرعبدالرؤف غوری نے کہا کہ سندھ حکومت اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی کوششوں سے میرپورخاص کے شہریوں کو بہتر اور سستی سفری سہولیات فراہم کی جارہی ہے جو خوش آئند بات ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے میرپورخاص کی عوام کے دیرینہ مطالبہ پیپلز بس سروس فراہم کرنے کا کیا گیا وعدہ آج پورا کر دیا ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کیا کہ وہ میرپورخاص کی خواتین کے لیے میرپورخاص سے حیدرآباد تک پنک پیپلز بس سروس کا بھی آغاز کیا جائے اور کہا کہ پہلے مرحلے میں انٹرا سٹی بس سروس کا آغاز ہو چکا ہے اس لیے مزید آؤٹ آف سٹی سفری سہولت کے لیے بھی پیپلز بس ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔

تقریب سے ایم پی اے ہری رام کشوری لال، حاجی نور احمد بھرگڑی ، پی پی عہدیدار میر حسن دھونکائی ، سول سوسائٹی کے شہزادو ملک نے بھی میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے پر سندھ حکومت اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و اطلاعات و ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ خواتین کے لیے بھی پنک بس سروس کا آغاز کیا جائے۔