زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ایک فعال ادارہ بنائیں گے، میر سرفراز بگٹی – پاک لائیو ٹی وی


وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سیاسی اثر رسوخ سے آزاد ایک فعال ادارہ بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں زیارت کو پاکستان کا ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ  کیا گیا، منصوبے پر عمل درآمد کے لئے عالمی اور قومی پیشکشیں طلب کی جائیں گی۔

زیارت میں موجود وزیر اعلیٰ انیکسی، چیف سیکرٹری اور آئی جی ہاؤس کو سیاحتی مقاصد کے لئے زیر استعمال لانے کا فیصلہ ہوا۔

 سرکاری ریسٹ ہاوسز اور عمارات پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر سیاحتی مقاصد کیلئے زیر استعمال لائی جائیں گی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اعلیٰ شخصیات کے لئے مختص عمارات کو حکومتی وسائل میں اضافے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ کے تحت کارگر بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سیاسی اثر رسوخ سے آزاد ایک فعال ادارہ بنائیں گے، کوئی سیاسی شخصیت مداخلت کرے گی نہ کسی سرکاری بابو کو کمیشن لینے دیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ رضا کارانہ طور پر تمام سیاسی شخصیات اعادہ کرتے ہیں کہ زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں خلاف میرٹ کسی کام کے لئے کوئی مداخلت نہیں ہوگی، زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایک خود مختیار ادارے کے طور پر کام کرے گی۔

 میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ دو سال میں زیارت کو ملک کے منفرد سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرائیں گے، زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائے،  تمام مطلوب وسائل فراہم کریں گے۔

Exit mobile version