متعلقہ

سولر پینل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد گھر میں سولر سسٹم کتنے روپے میں لگ سکتا ہے؟ – پاک لائیو ٹی وی


سولر پینل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد گھر میں سولر سسٹم کتنے روپے میں لگ سکتا ہے؟

سولر پینل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد گھر میں سولر سسٹم اب کم قیمت میں لگوایا جاسکتا ہے۔

پاکستان میں سولر پینلز کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر اب تک 60 فیصد سے زائد کی کمی ہو گئی ہے، تاہم اب سولر پینل سسٹم کی تنصیب گزشتہ سال کی نسبت 65 فیصد کی بچت کے ساتھ ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

رواں ماہ سولر پینل کی قیمتوں میں 25 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے اور اب فی واٹ قیمت 37 روپے ہو گئی ہے۔

گھر میں سولر سسٹم لگوانے کے حوالے سے سولر سسٹم کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ رواں سال اگر پینلز کی قیمت 80 روپے سے زائد کم ہوئی ہے تو مکمل سولر سسٹم نصب کروانے والوں کا گزشتہ سال کی نسبت 60 سے 65 فیصد کم خرچ آئے گا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ 5 مرلے کے گھر میں 5 سے 7 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کروایا جاتا ہے، جس کی مجموعی لاگت گزشتہ سال 12 سے 15 لاکھ روپے تک تھی تاہم اب سولر پینل سستے ہونے کے باعث اسی سسٹم کو 7 سے 8 لاکھ روپے میں نصب کروایا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ بڑے گھروں میں 10 سے 15 کلو واٹ کے سسٹم کی تنصیب پر آنیوالی لاگت گزشتہ سال 22 سے 25 لاکھ روپے تھی جسے اب 11 سے 13 لاکھ روپے میں ممکن بنایا جاسکتا ہے۔