ایس سی او کے کامیاب انعقاد پر اسپیکر قومی اسمبلی کی مبارکباد – پاک لائیو ٹی وی


شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی کامیابی پر اسپیکر قومی اسمبلی نے مبارکباد پیش کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، ڈپٹی وزیراعظم وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے، ایس سی او کا کامیاب انعقاد پاکستان کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر اسلام آباد کی شاندار سجاوٹ اور وفود کے پرتپاک استقبال سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا ہے۔

ایس سی او کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے، ایس سی او کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو پتہ چلا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایس سی او میں شرکت کرنے والے تمام ممالک کو پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے خلوص اور محبت کا پیغام ملا ہے۔

ایس سی او کانفرنس کا کامیاب انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان کسی بھی بڑے ایونٹ کی میزبانی کر سکتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے شنگھائی تعاون تنظیم کے شاندار انعقاد کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

Exit mobile version