انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ریکنگ میں آخری نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
گذشتہ دنوں ملتان کے کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کھیلا گیا جس میں پاکستان کو 1 اننگز اور 47 رنز سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ریکنگ میں نویں نمبر پہنچ گئی ہے جب کہ پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل 2023 تا 2025 کا آغاز گذشتہ سال سری لنکا کو وائٹ واش کرنے کے ساتھ ٹاپ پوزیشن سے کیا تھا۔
بعد ازاں ٹیم میں تبدیلیوں اور کپتان کی اہم تبدیلی کے بعد پاکستان ٹیم میں ایسا زوال آیا کہ قومی ٹیم پہلے سے آخری نمبر پر پہنچ گئی ہے جب کہ شان مسعود کی کپتانی میں تو ٹیم کو مسلسل 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ریکنگ میں قومی ٹیم کا 16 پوائںٹس کے ساتھ نواں نمبر ہے جب کہ انگلینڈ سے قبل پاکستان کو بنگلادیش سے ہوم سیریز میں شکست ہوئی تھی۔
بنگلادیش سیریز سے قبل بھی قومی ٹیم کا پوائنٹس ٹیبل پر چھٹا نمبر تھا جب کہ بنگلادیش آٹھویں نمبر پر موجود تھی۔
لیکن بنگلادیش سے سیریز میں ناکامی کے بعد قومی ٹیم پہلے آٹھویں نمبر پر پہنچی اور پھر انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے ساتھ ہی نویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔