آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلےمرحلے میں سانحہ نو مئی میں ملوث 25 ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔ مجرمان کو سزائیں تمام شواہدکی جانچ پڑتال اورمناسب قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد سنائی گئیں، سزا پانے والے مجرمان کوقانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے تمام قانونی حقوق فراہم کیےگئے۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) انٹرسروسزپبلک ریلیشنزکے مطابق جناح ہاؤس حملے میں ملوث جان محمد خان ولد طورخان کو 10 سال قید بامشقت، جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد عمران محبوب ولد محبوب احمد کو10 سال، جی ایچ کیوحملےمیں ملوث راجہ محمد احسان ولد راجہ محمد مقصود کو 10 سال، پنجاب رجمنٹل سنٹرمردان حملے میں ملوث رحمت اللہ ولد منجور خان کو 10 سال اورپی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث انورخان ولد محمد خان کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری مطابق بنوں کینٹ حملے میں ملوث محمد آفاق خان ولد ایم اشفاق خان کو 9 سال، چکدرہ قلعہ حملے میں ملوث داؤد خان ولد امیر زیب کو 7 سال، جناح ہاؤس حملے میں ملوث فہیم حیدرولد فاروق حیدرکو6 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔ ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث زاہد خان ولد محمد خان کو 4 سال، پنجاب رجمنٹل سینٹرمردان حملے میں ملوث یاسرنواز ولد امیر نوازخان کو2 سال اورجناح ہاؤس حملے میں ملوث عبدالہادی ولدعبدالقیوم کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جناح ہاؤس حملے میں ملوث علی شان ولد نورمحمد کو 10 سال، جناح ہاوس حملے میں ملوث داؤد خان ولد شاد خان کو10 سال، جی ایچ کیوحملے میں ملوث عمرفاروق ولد محمد صابرکو10 سال قید بامشقت، پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث بابرجمال ولد محمد اجمل خان کو10 سال، جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد حاشرخان ولد طاہربشیرکو6 سال اورجناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد عاشق خان ولد نصیب خان کو4 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آرکے بیان کے مطابق ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث خرم شہزاد ولد لیاقت علی کو3 سال، جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد بلاول ولد منظورحسین کو 2 سال، پنجاب رجمنٹل سینٹرمردان حملے میں ملوث سیِعد عالم ولد معاذ اللہ خان کو 2 سال اورآئی ایس آئی آفس فیصل آباد حملے میں ملوث لئیق احمد ولد منظوراحمد کو 2 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق جناح ہاؤس حملے میں ملوث علی افتخار ولد افتخاراحمدکو10 سال، جناح ہاؤس حملے میں ملوث ضیا الرحمان ولد اعظم خورشید کو 10 سال، پنجاب رجمنٹل سنٹرمردان حملے میں ملوث عدنان احمد ولد شیرمحمد کو 10 سال اورپنجاب رجمنٹل سنٹرمردان حملے میں ملوث شاکراللہ ولد انورشاہ کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ دیگرملزمان کی سزاؤں کا اعلان بھی اُن کے قانونی عمل مکمل کرتے ہی کیا جا رہا ہے، 9 مئی کی سزاؤں کا فیصلہ قوم کے لیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ہے، 9 مئی کی سزائیں اُن تمام لوگوں کے لیے ایک واضح پیغام ہیں جو چند مفاد پرستوں کے ہاتھوں استحصال کا شکارہوتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیاسی پروپیگنڈے اورزہریلے جھوٹ کا شکاربننے والے لوگوں کیلئے یہ سزائیں تنبیہ ہیں کہ مستقبل میں کبھی قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، متعدد ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں میں بھی مقدمات زیرسماعت ہیں۔ صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9مئی کے ماسٹرمائنڈ اورمنصوبہ سازوں کوآئین و قانون کے مطابق سزامل جائے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریاستِ پاکستان 9مئی کے واقعات میں مکمل انصاف مہیا کر کے ریاست کی عملداری کو یقینی بنائے گی، 9 مئی کے مقدمہ میں انصاف فراہم کرکے تشدد کی بنیاد پرکی جانے والی گمراہ اور تباہ کُن سیاست کو دفن کیا جائے گا، 9 مئی پرکیے جانے والا انصاف نفرت، تقسیم اوربے بنیاد پروپیگنڈا کی نفی کرتا ہے۔ آئین اور قانون کے مطابق تمام سزا یافتہ مجرموں کے پاس اپیل اوردیگر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔