بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ ریکھا نے کہا ہے کہ میں نے جیا بچن کی دھمکی کے بعد امیتابھ سے دوستی اور رابطہ ختم کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکارہ ریکھا نے بتایا کہ ایک بار جیا بچن نے مجھے ڈنر کے لیے مدعو کیا تھا، مجھے اُمید نہیں تھی کہ جیا خوشی سے میرا استقبال کریں گی لیکن میں اُن کا پُرجوش استقبال دیکھ کر حیران رہ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جیا کو میری اور امیتابھ بچن کی دوستی کا علم تھا اور انہیں اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں تھا لیکن جب اُنہیں معلوم ہوا کہ امیتابھ میرے لیے اپنے دل میں جذبات رکھتے ہیں تو اس بات سے جیا کو بہت غصہ آیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پھر جیا نے مجھے کھانے پر مدعو کیا اور ہم نے امیتابھ بچن کے بارے میں بات کی اور پھر جیا نے مجھے دھمکی دی کہ چاہے کچھ ہوجائے وہ امیتابھ کو کبھی نہیں چھوڑیں گی۔
ریکھا نے کہا کہ جیا کی اس دھمکی کے بعد میں نے خود ہی امیتابھ سے دوستی اور رابطہ ختم کردیا تھا اور پھر ہم دونوں کبھی ایک ساتھ اسکرین پر نظر نہیں آئے۔
واضح رہے کہ ریکھا ایک زمانے میں امیتابھ بچن سے بے پناہ محبت کرتی تھیں، دونوں ستارے آخری مرتبہ 1981 میں یش چوپڑا کی فلم “سلسلہ” میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔