امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے حسن نصراللہ کی شہادت کو اسرائیل کا منصفانہ اقدام قرار دے دیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے لبنان میں ہونے والے اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ امریکہ مکمل طور پر اسرائیل کے اس حق کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حسن نصراللہ کی قیادت میں حزب اللہ نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران سینکڑوں امریکیوں کو قتل کیا۔
جوبائیڈن نے مزید کہا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں حسن نصراللہ کی ہلاکت ہزاروں امریکی، اسرائلی اور لبنانی سمیت بے شمار متاثرین کے لیے انصاف کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ روز بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوآرٹر پر حملہ کیا جس میں اسرائیلی فوج نے حسن نصر اللہ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے سینئر رہنما علی کرکی سمیت شام و لبنان میں القدس فورس کے کمانڈر عباس نیلفوروشن کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا جبکہ حسن نصر اللہ کی صاحبزادی زینب کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ سامنے آیا۔
تاہم اب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے بھی سربراہ حسن نصر اللہ سمیت دیگر رہنماؤں اور ان کی صاحبزادی زینب نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق سامنے آگئی۔