صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور افسران کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نان فائلرز کے خلاف حکومت کا ایکشن لینے کا فیصلہ درست ہے جبکہ ٹیکس ادا کرنے والوں پر ٹیکس بوجھ کو کم کیا جائے۔ قابل ٹیکس آمدنی پر ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا فیصلہ پہلے ہی کر لینا چاہیے تھا۔ ٹیکس چوری میں ملوث ٹیکس دہندگان اور سہولت کار افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
صدر فیڈریشن عاطف اکرام نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے ٹیکس وصولی کو بڑھانا ہوگا، ٹیکس ریونیو کو بڑھانے کیلئے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کرنا ضروری ہے ٹیکس دہندگان پر مزید ٹیکس لگا کر ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ لوگ ٹیکس چوری کرنا شروع کر دیتے ہیں، اس لیے پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والوں پر ٹیکس کی شرح بڑھانے کے بجائے ایسے اقدامات کیے جائیں کہ لوگ ٹیکس نیٹ میں خود سے آئیں۔