آج کل لوگ اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں جگہ بناتے ہیں، روبینہ اشرف – پاک لائیو ٹی وی


آج کل لوگ اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں جگہ بناتے ہیں، روبینہ اشرف

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے کہا ہے کہ آج کل لوگ اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں جگہ بناتے ہیں۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ آج کل لوگ اپنے کام کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بیانات کی وجہ سے شہ سرخیوں میں جگہ بناتے ہیں، کیونکہ آج سوشل میڈیا بہت طاقت ور ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب لوگ باآسانی وہ سب کہہ دیتے ہیں جو ان کا دل چاہتا ہے کیونکہ آج تلوار اور قلم سے زیادہ طاقت سوشل میڈیا میں ہے، اس لیے ایسا تو ہونا ہی تھا تاہم لوگوں کو وقت کے ساتھ ساتھ اس کا صحیح استعمال کرنا سیکھنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جب شوبز شخصیات کے بچے اسی ماحول میں پیدا ہوں گے اور اسی میں پروان چڑھیں گے تو اقربا پروری ہونا تو لازمی ہے۔

روبینہ اشرف نے کہا کہ اگر کبھی موقع ملا تو اپنی بیٹی و اداکارہ مینا طارق کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہوں گی، وہ مجھے اور میری تمام دوستوں کو جو اس کے لیے خالہ کا درجہ رکھتی ہیں، ہم سب کو دیکھ کر ہی بڑی ہوئی ہے، اسی لیے ان سے متاثر ہو کر اسی شعبے میں آئی ہے۔

Exit mobile version