قلات میں مسلح افراد کی فائرنگ، پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق – پاک لائیو ٹی وی


قلات میں مسلح افراد کی فائرنگ، پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق

قلات میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ایس ایس پی قلات دوستین دشتی کے مطابق بلوچستان کے شہر قلات میں مسلح افرادکی فائرنگ سے پولیس کا سب انسپکٹر، 4 لیویز اہلکار اور 5 شہری جاں بحق ہوئے۔

ایس ایس پی قلات کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جس کے بعد علاقہ کلیئرکرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قلات میں قومی شاہراہ اورشہر میں گزشتہ رات سے پولیس اور مسلح افراد میں فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔

وزیرِ اعظم کی قلات میں دہشتگرد حملے کی شدید مزمت

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس و لیویز اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا، شہداء کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، قیامِ امن کیلئے پولیس و سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردوں کے ملک میں انتشار پھیلانے کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Exit mobile version