گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ صحافت ہر دور میں طاقتور، بااثر اور متاثر کن حقیقت رہی ہے۔
کامران خان ٹیسوری سے کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کی ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، جوائنٹ سیکریٹری محمد منصف اور دیگر گورنگ باڈی کے ممبران شامل تھے۔
گورنر سندھ نے صحافی برادری کی فلاح و بہبود پر بات چیت کرتے ہوئے درپیش مشکلات کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر میں صحافت کا کلیدی کردار ہے، جمہوریت کی بقاء اور سلامتی کے لئے صحافت کا وجود ناگزیر ہے، صحافت کو معاشرہ کی آنکھ اور جمہوریت کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سماج کی اچھائیاں اور برائیاں صحافت کے ذریعہ ہی سامنے آتی ہیں، جدید دور میں، صحافت مکمل طور پر نیا رخ اختیار کر چکی ہے، صحافت عوامی رائے پر اثرانداز ہورہی ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ عوام کا معلومات کے حصول کے لئے اعتماد صحافت کی کامیابی کی دلیل ہے، صحافت ہر دور میں طاقتور، بااثر اور متاثر کن حقیقت رہی ہے۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کراﺅں گا، صحافیوں کی رہائشی اسکیم ، وفاقی فنڈنگ پر متعلقہ حکام سے بات کروں گا۔